رمضان میں بیماریوں میں مبتلا افراد  معالجین کے مشورے سے روزے رکھیں: ماہرین

کراچی (نیوز رپورٹر) اگرچہ مسلمان کسی دنیاوی فائدے کے لئے روزے نہیں رکھتے لیکن جدید تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ رمضان کے روزے رکھنے کے سینکڑوں جسمانی اور ذہنی فوائد ہیں، ڈاکٹروں اور ماہرین کے مشورے سے روزے رکھنے کے نتیجے میں شوگر کے مرض پر قابو پانے، پریشر کنٹرول کرنے، وزن کم کرنے، کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے سمیت کینسر کے بچاؤ اور دماغی امراض پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے جبکہ ڈپریشن، گھبراہٹ اور سگریٹ نوشی سمیت دیگر کئی منشیات سے نجات حاصل کرنے میں بھی روزہ مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقامی اور بین الاقوامی ماہرین صحت نے گذشتہ روز اختتام پذیر ہونے والی دو روزہ ساتویں بین الاقوامی ذیابطیس اور رمضان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس کا انعقاد بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیبیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائینولوجی نے انٹرنیشنل ڈائبیٹیز فیڈریشن، رمضان اینڈ حج اسٹڈی گروپ اور اور ڈائبیٹیز اینڈ رمضان انٹرنیشنل الائنس کے تعاون سے کیا تھا۔کانفرنس کے اختتامی روز معروف اسلامی اسکالر مفتی ارشاد احمد اعجاز، ترک ماہر ڈاکٹر محمت عاکف، پروفیسر محمد حسنین، کویتی ماہر ڈاکٹر عیبا العزیری، سعودی ماہر زیابطیس ڈاکٹر خالد طیب، مصری ماہر ڈاکٹر مصباح کامل، پروفیسر شبین ناز مسعود، مصری ماہر ڈاکٹر نینسی ال بربری، قطر سے ڈاکٹر ریاض احمد ملک، امریکا سے ڈاکٹر عظمی خان، برطانیہ سے سے ڈاکٹر وسیم حنیف اور سلمہ مہر، مصری ماہر ڈاکٹر عادل السید کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط اور کانفرنس کے آرگنائزنگ کمیٹی چیرمین پروفیسر یعقوب احمدانی اور ڈاکٹر سیف الحق نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن