عدالت عظمی کا فیصلہ آئین کی  حاکمیت کا اعلان ہے‘ رانا محمد ارشد

کراچی (نیوز رپورٹر) مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن)  پاکستان کے مرکزی صدر رانا محمد ارشد نے خفیہ بیلٹ کے بارے میں عدالت عظمی کے فیصلے کو جمہوری روایات کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خفیہ بیلٹ پر عدالت عظمی کا فیصلہ آئین کی حاکمیت کو تسلیم کرنے کا اعلان ہے۔ ماضی میں بھی پارلیمنٹ کے بغیر کئے گئے فیصلے تاریخ نے حکمرانوں کے منہ پر دے مارے ۔ ہر نیا دن میاں محمد نواز شریف کے بیانیئے کی تصدیق کرتا ہوا آرہا ہے۔ سندھ کے نوجوان نئے انتخابات کے لئے قیادت کے فیصلوں کا انتظار کریںپاکستان میں بہت جلد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کی حقیقی منتخب حکومت قائم ہوگی ۔ مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) کے مرکزی صدر رانا محمد ارشد نے ایم ایس ایف(ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ نا اہل حکمرانوں کی رخصتی کا طبل بج چکا ہے۔ تحریک انصاف کا ٹائی ٹینک کسی بھی وقت عوامی نفرت کے سمندر میں غرق ہونے والاہے۔ ایم ایس ایف سندھ کے کارکنوں اور قیادت کو متوقع عام انتخابات کے لئے تیار رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے مرکزی صدر رانا محمد ارشد نے کہا کہ سندھ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی بھرپور کامیابی کے لئے تیاریوں کا آغاز کردیا جائے اور سندھ کے نوجوانوں کو آنے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی انتخابی مہم میں اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں۔ ایم ایس ایف(ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ نے مرکزی صدر رانا محمد ارشد کو صوبے میں ایم ایس ایف(ن) کے ضلعی صدور اور کراچی ڈویژن کے صدر سردار محمد سہیل کی تنظیمی کارکردگی کی تازہ رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے اکثر تعلیمی اداروں تک قائد نواز شریف کا بیانیہ پہنچ چکا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن