وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کیا ہے۔جعلی راجکماری کے ابا جی اور چاچا جی اعلیٰ عدلیہ پر حملہ آور ہو چکے ہیں۔
(ن) لیگ کی تاریخ اداروں کو متنازعہ بنانے کی تاریخ ہے۔ان لوگوں نے ماضی اور حال میں ہر قومی ادارے کے خلاف گھٹیا پراپیگنڈہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آج شادیانے بجانے والے کل 3 مارچ کو ماتم کریں گے اوران کی عارضی خوشی مستقل روگ بن کر سامنے آئے گی۔
یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے چھانگا مانگا کی سیاست کرکے نوٹوں کے ذریعے منڈیاں لگائیں لیکن اب بکرمنڈیاں نہیں لگائی جا سکیں گی کیونکہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو شفاف طریقہ کار کے ذریعے سینیٹ الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے۔(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو فیصلہ پڑھے بغیر ہی ڈگڈگی بجانے کا شوق ہے۔ بچہ پارٹی کے پاس سینیٹ الیکشن کے بعد کچھ نہیں بچے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو بریف کیس سیاست کے خاتمے کیلئے اعلیٰ عدلیہ میں گئی۔انہوں نے کہاکہ ہم نہ صرف سینیٹ الیکشن بلکہ عام انتخابات اور بلدیاتی الیکشن کو بھی شفاف بنانے کیلئے اصلاحات متعارف کرانے کیلئے پرعزم ہیں۔