صحافیوں کی ملازمتیں،پرویز الہی،سراج الحق کی پیکا ایکٹ پر حمایت کی یقین دہانی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سے صحافیوں نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ پرویز الٰہی نے صحافیوں کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے پیکا آرڈیننس میں ترمیم کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیکا آرڈیننس صحافی برادری اور پاکستان کے عوام کے ساتھ حکومت کا امتیازی سلوک ہے۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، ہم اس کی آزادی پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ ملاقات میں اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے صحافتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ میڈیا کی آزادی پر قدغن لگانے والے تمام قوانین اور بالخصوص حالیہ کالا قانون پیکا جسے پچھلے اتوار کو صدارتی آرڈیننس سے نافذ کر دیا گیا، کے خلاف جدوجہد میں جماعت اسلامی صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔ اظہار رائے پر پابندی اور میڈیا کو خاموش کرانے کے حکومتی ہتھکنڈوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ آزاد میڈیا پر قدغنیں کسی صورت قبول نہیں، پیکا کو مسترد کرتے ہیں۔ وہ صحافیوں سے منصورہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد اصغر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ اس قانون میں فیک نیوز کی تشریح نہیں کی گئی۔ اس کا تعین کون کرے گا کہ کون سی خبر فیک ہے۔ فیک نیوز کی تعریف و تشریح کے بغیر آرڈیننس کا نفاذ سمجھ سے بالا تر ہے۔

ای پیپر دی نیشن