لاہور (انٹرویو:رفیعہ ناہید اکرام) پیپلزپارٹی کی رہنما و سابق وزیر مملکت مہرین انور راجہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی نوشتہ دیوارہے، حکومت پانچ سال مکمل نہیں کریگی کیونکہ خود پی ٹی آئی کے اپنے لوگ اس صورتحال سے تنگ آگئے ہیں، لانگ مارچ کامیاب ہوچکا ہے، وزیراعظم کے قوم سے خطاب میں عوام کیلئے کچھ نہیں تھا سوائے لالی پاپ کے۔ مہنگائی نے عوام کی سانسیں بند کردی ہیں، ریاست مدینہ کا نعرہ صرف کیش کروانے کیلئے لگایا جارہا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے خصوصی انٹرویو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ مہرین انور راجہ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا آج لانگ مارچ میںاپنی آواز اور فریاد لے کر عوام کا ایک ہجوم خود بخود شامل ہورہا ہے ،پیپلز پارٹی عوامی پارٹی ہے جس نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور جمہوری اقدار کے مطابق ملک کو چلانے کی بات کی۔ پی ڈی ایم میں شامل تمام پارٹیاں ملکی مفاد اور عوامی مسائل کے حل کیلئے متحد ہیںتاہم الیکشن میں ہر ایک اپنا الیکشن لڑے گا۔
لانگ مارچ کا میاب ،تحریک عدم اعتماد نوشتہ دیوار ہے:مہرین راجہ
Mar 02, 2022