لاہور (خصوصی نامہ نگار)جامعہ ہجویریہ داتا دربار کے پندرھویں سالانہ جلسہ عطائے اسناد و ختم بخاری شریف کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور، اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی زیرِ صدارت اجلاس منعقدہ ہوا۔ جس میں پرنسپل جامعہ ہجویریہ صاحبزادہ بدر الزمان قادری، خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی، منیجر داتا دربار شیخ محمد جمیل، وائس پرنسپل مولانا عرفان اللہ اشرفی، شیخ الحدیث مفتی محمد صدیق ہزاروی، مولانا ریاض احمد چشتی اور دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ جامعہ ہجویریہ کا جلسہ عطائے اسناد کل 3 مارچ بروزجمعرات10 بجے دن داتا دربار میں منعقدہوگا جس میں ایک سو سے زائد فضلائے درسِ نظامی کو سندِ فراغ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ تخصص الفقہہ اور دیگر شعبہ سے فارغ التحصیل علماء بھی اپنی اپنی ڈگری وصول کریں گے جبکہ یونیورسٹی اور درسیات میں نمایا ں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی اعزازات عطا ہونگے۔