50بشپ آف کینٹر بری کا دورہ خوش آئند‘ ہم آہنگی کو فروغ ملے گا: طاہر اشرفی 

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی امور اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بشپ آف کینٹر بری برطانیہ جسٹن ولبی  کا پاکستان کا تین روزہ  دورہ ملک کے لئے خوش آئند تھا۔ پیغام پاکستان پر سارے مکاتب فکر متفق ہیں۔ ملک میں رہنے والی تمام اقلیتوں  کو برابر حقوق حاصل ہیں۔ سات مارچ کو اسلام آباد میں پیغام پاکستان کے زیر اہتمام علماء و مشائخ کانفرنس ہو گی۔  چرچ آف پاکستان کے صدر آزاد مارشل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بشپ آف کینٹر بری برطانیہ جسٹن ولبی دنیا میں اپنا مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے لاہور، پشاور اور اسلام آباد کا دورہ کیا۔ صدر پاکستان‘ وزیر اعظم اور دیگر مذہبی جماعتوں کے علماء سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے لاہور میں ایک مسجد میں اور پشاور کے ایک چرچ میں پیس سینٹرز کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے اقدامات پر حکومت پاکستان کی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بشپ آف پاکستان آزاد مارشل نے کہا کہ بشپ آف کینٹر بری جسٹن ولبی کا دورہ امن کی عکاسی کرتا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر ان کے دورے سے امن اور بھائی چارے کا پیغام گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پیس سینٹرز کے قیام سے مسیحی اور مسلمانوں میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔
طاہر اشرفی

ای پیپر دی نیشن