لاہور (نامہ نگار) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی قیادت نے لاہورمیں پیپلز پارٹی کی طرف سے لانگ مارچ کے خیر مقدمی بینر جھنڈے فلیکسز اور سٹیمرز کو پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کی طرف سے اتارنے کے شدید مذمت کی ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ لاہور میں جگہ جگہ سے پارٹی پرچم، پینا فلیکس، بینرز اتارے جا رہے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو حق ہے کہ وہ جلسے جلوس کریں۔ ایسی حرکت سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت اپنے حواس میں نہیں رہی۔ جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا کہ کمشنر لاہور نے یقین دہانی کروائی کہ ہمارا محکمہ ایسی کوئی غیر ذمہ دارانہ حرکت نہیں کرے گا، مگر اس کے باوجود مارچ کے روٹ پر لگائے گئے پارٹی پرچم اور قائدین کی تصاویر اتار لی گئی ہیں۔ ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری وسطی پنجاب بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ فاشسٹ حکومت عوامی لانگ مارچ پر لرز اٹھی ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سینئر رہنما فیصل میر نے کہا کہ وسطی پنجاب اور لاہور کے لاکھوں عوام 6مارچ کو ناصر باغ میں جمع ہوں گے۔ 8 مارچ کو اسلام آباد میں نیازی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیںگے۔ بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار بدر نے کہا کہ پنجاب حکومت پیپلز پارٹی عوامی مارچ سے گھبرا چکی ہے۔ کارکنوں نے پی ایچ اے ملازمین کو فلیکسز اتارتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے۔ علاوہ ازیں پیپلز یوتھ لاہور اور پی ایس ایف پنجاب کے زیر اہتمام لانگ مارچ کے سلسلے میں مختلف شہروں میں موٹر سائیکل ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔ پیپلز یوتھ کے زیر اہتمام لاہور میںچیئرنگ کراس مال روڈ سے ناصر باغ تک موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت اسلم گل، فائزہ ملک، یاسر بارا، عاطف رفیق چودھری اور زاہد ذوالفقار کر رہے تھے۔
پیپلز پارٹی مذمت