خدمت انسانیت کے ساتھ اقامت دین بھی ضروری:ڈاکٹر واسیع شاکر


کراچی ( نیوز ڈیسک)الخدمت بڑا کام کر رہی ہے۔انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ اقامت دین کی جدوجہد کی جائے ۔اسی میں رب کی رضا اور دل کا سکون ہے۔یہ بات نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر واسیع شاکر نے الخدمت کے’’ ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ ‘‘کی جانب سے الخدمت ہیڈ آفس اورسینٹر کے رضاکاروں کے اعزاز میں منعقدہ سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب میں نظامت کے فرائض فرید احمد نے انجام دیئے ۔ ابو الاعلیٰ صدیقی نے نعمت اللہ خان مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعاکروائی ۔تقریب سے ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے بھی خطاب کیا،جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹرمواخات یوسف محی الدین ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری ،ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام فاروق کملانی ،ڈائریکٹرایچ آر اینڈ کمپلائنس منیر یعقوب ،ڈائریکٹر ڈائیگنو سٹک سروسز عظیم الدین منیجر ز اور رضاکاروں کی بڑی تعدادموجود تھی ۔ ڈاکٹر واسیع شاکرنے کہا کہ آپ انسانیت کی خدمت کررہے ہیں ۔خدمت کے ساتھ ساتھ اقامت دین کی جدوجہد کو اپنی زندگی کا لازمی جز بنا یا جائے ۔نبی مہربان محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں پر عمل کیا جائے اورانہیں عام کرنے کا اہتمام کیا جائے ۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت الحمدللہ ایک شجر سایہ دار بن چکی ہے۔الخدمت پر لوگ اس کے کاموں کی وجہ سے اعتبار کرتے ہیں۔جاپانی قونصلیٹ کے ساتھ الخدمت کے اسپتالوں کو طبی آلات کی فراہمی کا ایک معاہدہ ہوا ۔یہ تقریب جاپانی قونصل جنرل کے گھرپر ہوئی ۔معاہدے کے وقت انہوں ایک بات کئی بار دہرائی کہ انہیں الخدمت پر اعتبار ہے۔نوید علی بیگ نے کہا کہ گزشتہ برس کورونا کی وباکے دوران ہم نے بھرپور کام کئے ،جسے پورے ملک میں محسوس کیا گیا اور اس کا اعتراف بھی کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن