پٹرول ،بجلی کی قیمتوں میں کمی:معیشت مضبوط، عوام کو ریلیف ملے گا: سارک چیمبر

 لاہور( بزنس رپورٹر) حکومت کی جانب سے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تاجر رہنمائوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے انڈسٹریل سیکٹر کیلئے اعلان کردہ پیکیج پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے اُمید ظاہر کی کہ اس سے انڈسٹری کو ترقی کرنے اور چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی استحکام کا دارومدار صنعتی شعبے کی ترقی پر ہے۔ صنعتی شعبہ کی ترقی غیرملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرے گی۔جبکہ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک نے گزشتہ روز اسامہ بن ندیم کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہیں، اس سے برآمدات میں اضافہ اور قومی معیشت مضبوط ہو گی۔اسی طرح چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان فرنیچر کونسل میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پٹرولیم و بجلی کے نرخوں میں کمی سے عوام کو ریلیف اور صنعتوں کو ترقی کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیمار صنعتوں کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا کہ بجلی اورپٹرولیم کی کی قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے۔ لیکن اس میں مزید کمی کی جائے، کیونکہ یہ قیمتیں اب بھی عام آدمی کی قوت خرید کو متاثر کر رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن