اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر اسمبلی قومی اسد قیصر سے اراکین قومی اسمبلی منزہ حسن ، ریاض فتیانہ ، محمد ثنا اللہ خان مستی خیل اور دیگر اراکینِ پارلیمنٹ نے ملاقاتیں کی۔ ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق حکومت کو عوام کے بہترین مفاد کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا بنیادی کام ایسی قانون سازی ہے جس سے عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کو موثر قانون سازی اور اس کے نفاذ کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ملک سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بطور کسٹوڈین آف ہاس ایوان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے بحث و مباحثہ کا موقع فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کو حل کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنے قیمتی ووٹ کے ذریعے منتخب کر کہ پارلیمنٹ میں بھیجا ہے تاکہ عوامی نمائندے عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت رکھا تو عوام ہمیں معاف نہیں کریں گے۔ اراکین قومی اسمبلی نے اسپیکر قومی اسمبلی کے قانون سازی کے ذریعے عوامی مسائل کو حل کرنے اور ممبران اسمبلی کو حلقوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دینے کے جذبے سراہا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ موجود حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ موجود حکومت نے نوجوانوں کے لیے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے بلا سود قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے جس سے نوجوانوں کو وسیع پیمانے پر کاروبار کرنا کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر صحت انصاف کارڈ کی فراہمی موجود حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے جسے بھرپور انداز میں سرایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب عوام کو موجود حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات حاصل ہونگے۔ انہوں نے کہ کہ اس وقت قوم نے مشکل دور گزار دیا ہے۔
اسدقیصر ملاقاتیں