اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے اداکارہ وینا ملک کے بچوں کی حوالگی کا کیس راولپنڈی سے کراچی منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے قرار دیا کہ کیس سے متعلق راولپنڈی فیملی کورٹ میں زیر التوا تمام درخواستیں کراچی منتقل کی جائیں۔ منگل کے روز کیس کی سماعت جسٹس مظہر عالم میاں خیل کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت وینا ملک کے وکیل نے دلائل دیئے کہ وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک بچوں کو دبئی لیکر فرار ہوگئے تھے۔ اسد خٹک کے وکیل نے موقف اپنایا کہ وینا ملک خود راولپنڈی کی رہائشی ہیں کیس کراچی منتقل نہ کیا جائے، راولپنڈی کی عدالت میں میرے موکل پر حملہ کیا گیا کراچی میں تو اس سے بھی حالات خراب ہیں۔ بینچ کے رکن جسٹس جمال خان مندوخیل نے اس موقع پر ریمارکس دیئے کہ اس کا مطلب ہے پھر کراچی میں تمام عدالتوں کو بند کر دیں، قانون واضح ہے کہ جہاں عورت رہائش پذیر ہو وہاں کیس لگایا جائے۔ بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے وینا ملک کے بچوں کی حوالگی کا کیس راولپنڈی سے کراچی منتقل کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس منتقلی سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں۔
وینا ملک
سپریم کورٹ :اداکارہ وینا ملک کے بچوں کی حوالگی کا کیس راولپنڈی سے کراچی منتقل کرنے کا حکم
Mar 02, 2022