اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)الیکشن کمیشن نے پنجاب میں آنے والے بلدیاتی انتخابات سمیت انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی اور اپڈیشن کے جاری کام اور عام انتخابات 2023 کے لئے عوامی آگاہی کے سلسلے میں مختلف اضلاع میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طالب علموں کے ساتھ آگاہی ورکشاپس کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔تفصیلا ت کے مطا بق الیکشن کمیشن کی جانب سے یونیورسٹی آف پنجاب فار ویمن میں طالب علموں اور اساتذہ کے لئے خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ تاکہ نچلی سطح پر ان ہی اضلاع میں طالب علموں کے تعاون سے عوام کو بلدیاتی انتخابات اور ووٹرز لسٹوں کی اپڈیشن سمیت عام انتخابات 2023 سے متعلق آگاہی دی جاسکے اور ووٹ ٹرن آوٹ بڑھایا جا سکے بالخصوص نوجوان طبقہ، خواتین،خواجہ سرا ،افراد باہمی معذوری ،اقلیتی برادری اور دوسرے محروم طبقات کی ان آنے والے تمام اھم انتخابات میں شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے اور یونیورسٹیوں او کالجوں کے تعاون اور طالب علموں کی رضاکارانہ خدمات کی مدد سے عوام میں انتخابی امور سے متعلق شعور و آگاہی پھیلائی جا سکے۔ طالب علم اپنے اپنے علاقوں اور کیمپس میں الیکشن کے حوالے سے یہ آگاہی لوگوں تک پہنچائیں گے اور خود بھی بطور ووٹر ان ورکشاپس کے ذریعے انتخابات کے تمام عمل اور متعلقہ قوانین سے آگاہی حاصل کریں گے کیونکہ موجودہ انتخابی فہرستوں میں 18 سال سے 36 سال تک نوجوان ووٹرز کی تعداد تقریبا 5 کروڑ ہے۔اس لئے پنجاب سمیت الیکشن کمیشن نے پورے ملک کے چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں یونیورسٹیوں اور کالجوں میں ووٹرز ایجوکیشن پروگرام کے تحت ورکشاپس کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے جو عام انتخابات 2023 تک جاری رہیں گے۔ورکشاپ میں پولنگ کے عمل اور ووٹنگ اندرراج کے متعلق خصوصی طور پر تیار کئے گئے کتابچے اور پمفلٹ بھی وافر مقدار میں سٹوڈنٹس کو تقسیم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی اپنی کمیونٹی اور یونیورسٹی کیمپس میں اس کو تقسیم کریں اور ووٹرز آگاہی مہم کو آگے بڑھائیں۔
یونیورسٹی ورکشاپ
الیکشن کمیشن کی پنجاب یونیورسٹی میں طلبااوراساتذہ کیلئے خصوصی ورکشاپ کا انعقاد
Mar 02, 2022