لاہور(نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی اہلیہ بیگم عائشہ بلیغ الرحمان نے مقامی سماجی تنظیم”لاسوئیری“ کے زیراہتمام منعقدہ ملبوسات، بیگز و شوز کی نمائش کا دورہ کیا۔ مہمان خصوصی بیگم عائشہ بلیغ الرحمان نے نمائش میں لگائے گئے سٹالز کادورہ کیا اورملبوسات‘بیگز و شوز کی تیاری کے حوالے سے ہنر مند وں اور کاریگروں کی محنت کو سراہا۔ اس نمائش میں پاکستان بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں مختلف مشہور برانڈز اور این جی اوز نے اپنے اپنے اسٹالز لگائے ہوئے تھے۔اس موقع پر اس ایونٹ کی آرگنائزربنٹی صبا ءنے بیگم عائشہ بلیغ الرحمان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس نمائش کے ذریعے گھریلو خواتین کو ایک ہی چھت کے نیچے کاروبار فراہم کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی فروخت کو بڑھا سکیں۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ بہت سی خواتین ایسی ہیں جو گھر میں کام کرتی ہیں لیکن ان کے پاس اتنے پیسے اور وسائل نہیں ہوتے کہ وہ اپنی مصنوعات اور ہنر کو ڈسپلے پر رکھ سکیں یا دکان کرائے پر حاصل کر سکیں، ایسی خواتین کے لیے ہماری تنظیم اس طرح کے ایونٹس کا اہتمام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم کی جانب سے منعقد کیا گیا یہ پانچوں ایونٹ ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی سابق ایم پی اے بشریٰ بٹ ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
اہلیہ گورنر پنجاب کاملبوسات کی نمائش کا دورہ،کاریگروں کی محنت کو سراہا
Mar 02, 2023