لاہور (نامہ نگار)پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا کہ پورے ملک کو ایک جماعت کے چند مٹھی بھر کارکنوں نے اپنے جھوٹ اور نفرت کی سیاست کی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ایک طرف خود ہی یہ لوگ وقت سے پہلے غیر آئینی و غیر قانونی و غیر جمہوری طریقے سے اسمبلیاں توڑتے ہیں اور پھر انہی اسمبلیوں کادوبارہ الیکشن کروانے کیلئے اداروں اور قوم کا وقت ضائع کرتے ہیں۔اگر ان لوگوں نے اسمبلیوں میں آکر پھر ان اسمبلیوں کو توڑنا ہے یا پھر مستعفی ہوجانا ہے تو پھر ان اسمبلیوں کا قبل از وقت الیکشن کروانے کی کیا ضرورت ہے۔اس وقت تو قوم کو اسی نااہل جماعت کے لیڈر کی حکومت کے وقت کئے گئے غلط معاشی منصوبوں سے نجات دلانے اور عوام کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال بنانے کی ضرورت ہے۔اس وقت صوبے دوبارہ الیکشن کروانے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔