کراچی (اسٹاف رپورٹر) یونائیٹڈ لیبر فرنٹ کے مرکزی چیئر مین اور CBAیونین کے سابق چیئر مین ریاض اختر اعوان نے کہاہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے محنت کش آج کل انتہائی مشکل ترین حالات سے دوچار ہیں ۔ مزدوروں کو اپنے بچوں کا پیٹ پالنا‘ بچوں کی تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری رکھنا ناممکن ہوچکا ہے لیکن ادارے میں موجود CBAیونین جو کہ مسخروں کے ایک ٹولے پر مشتمل ہے مزدوروں کو جھوٹے لطیفے سنا رہی ہے ۔ ریاض اختر اعوان نے کہا کہ جب تک ادارے کے ایکٹو ساتھی اپنا رول پلے کرنے کے لیے میدان عمل میں نہیں آئیں گے اس وقت تک کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا ۔ ادارے کے محنت کشوں کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد ایک ایسی قیادت کو سامنے لائے جو ا ن کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے بصورت دیگر ہر آئے دن مسائل بڑھتے جائیں گے میں یہ بات 2018ء سے بار بار مزدوروں کو باور کروا رہاہوں لیکن اُن پر کوئی خاطر خواہ اثر نہیں ہو رہا حالانکہ نتیجہ سب کے سامنے ہے، سمجھ نہیں آرہی ہے کہ مزدور کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں۔ ریاض اختر اعوان نے ماضی میںبرسرِ اقتدار PLUکے ٹولے کو مسخروں کا ٹولہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی ٹولے کی بدولت یہ مسخروں کا دوسرا ٹولہ برسر اقتدار آگیا اور مزدوروں کی کھال اتاری جا رہی ہے ۔ ریاض اختر اعوان نے کہا کہ مزدور اب لولی پاپ چھوڑ کر یونائیٹڈ لیبر فرنٹ کے پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوجائیں تاکہ ان کو دلد ل سے نکال کر ان کے مسائل حل کیے جاسکیں#
ریاض اختر اعوان
سوئی سدرن محنت کش انتہائی مشکل حالات سے دوچار ، ریاض اختر اعوان
Mar 02, 2023