کراچی (کامرس رپورٹر) ملک میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر 6.50 روپے‘ انٹربنک میں 4.61روپے مہنگا ہو گیا۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق انٹربنک میں کاروبار کے اختتام پر ایک ڈالر 266.11 پر بند ہوا۔ دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر 6.50 روپے مہنگا ہوکر 273 روپے کا ہو گیا۔ ادھر آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 2700روپے مہنگا ہو گیا۔ ایک تولہ سونا ایک لاکھ 97 ہزار 100روپے کا ہو گیا ہے۔ جبکہ 10 گرام سونے کا بھائو 2315 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 68 ہزار 981 روپے ہو گیا۔ عالمی بازار میں سونے کا بھائو 27 ڈالر اضافے سے 1837 ڈالر فی اونس ہے۔