شناختی کارڈ ، پاسپورٹ کا حصول آسان بنایا جائے ، وزیراعظم : متحدہ کے مطالبات منظور 


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے شہریوں کے لئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری اور بچت کے لئے نادرا اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن آف پاسپورٹ دفتر اور وسائل شیئر کریں تاکہ قومی خزانے پر کم بوجھ پڑے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت شہریوں کے لئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین، چیئرمین نادرا، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی نادرا کے مراکز میں پاسپورٹ دفتر کے کاؤنٹرز قائم کیے جائیں ۔ وزیراعظم نے شہریوں کو شناختی کارڈ کی سروس ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کے لیے موبائل نادرا وینز کی تعداد فوری بڑھانے کے احکامات بھی دیئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کو گھر بیٹھے شناختی کارڈ کی تجدید کی سہولت کے لیے نادرا نئی موبائل فون ایپلی کیشن شروع کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے احکامات دئیے کہ پاسپورٹ دفاتر کے قیام کے جتنے بھی منصوبے منظور ہو چکے ہیں وہ نادرا کے پہلے سے موجود دفاتر میں قائم ہوں۔ دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کے شفاف نظام کے ذریعے حاصل ہونے والے ڈیٹا سے پالیسی سازی، مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے اور وسائل کو بہتر طریقہ سے بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل سینسز 23ء کے آغاز پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یہ سسٹم خود تیار کرنے والے تمام اداروں کو مبارکباد دی۔ مزید براں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کی سرکاری عمارتوں میں آئندہ 7ہفتوں میں سولر سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس کا دائرہ کار ملک بھر میں وفاقی سرکاری عمارتوں تک بڑھانے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت کم لاگت اور ماحول دوست بجلی سے عوام کی جیب پر بوجھ کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 496، ملک کے بڑے شہر بشمول کراچی، لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ میں 340 اور دیگر علاقوں میں 1255 سرکاری عمارتوں پر سولر پینلز لگائے جائیں گے۔ اسلام آباد میں موجود سرکاری عمارتوں میں سولر پینلز کی تنصیب کا کام ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے گا۔ مزید براں وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آ باد میں ترکیہ سے آنے والے امدادی کارکنوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے بہت تباہی ہوئی۔ ترکیہ اور شام میں امدادی کام میں حصہ لینے والے اہلکاروں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ترکیہ کے عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہماری سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے ترکیہ کے بہنوں اور بھائیوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔ معاشی صورتحال کے باوجود برادر ملک سے  تعاون جاری رکھیں گے۔ ریسکیو ٹیموں نے  پاک ترک دوستی کی لاج رکھی۔ریسکیو کاموں میں حصہ لینے والے پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ ترکیہ اور شام کے متاثرین کیلئے جو کر سکتے ہیں‘ کر گزریں گے۔ ترکیہ اور شام میں پاکستانی ٹیموں نے درجنوں افراد  کو ملبے سے نکالا۔ ایئر چیف مارشل اور نیول چیف کا ترکیہ اور شام کیلئے امداد بھجوانے کا شکرگزار ہوں۔ امدادی ٹیموں  کی ترکیہ اور شام میں خدمات کو پاکستانی عوام نے سراہا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق متحدہ کے وفد میں سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال، رؤف صدیقی اور صادق افتخار بھی شامل تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے پیپلزپارٹی سے کیے گئے معاہدے پر اب تک عملدرآمد نہ ہونے کا شکوہ کیا جبکہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے یقین دہانی کرانے کے باوجود سندھ حکومت کی جانب سے کوئی پیش رفت نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں متحدہ رہنماؤں کی جانب سے ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے آن لائن رجسٹریشن کے دنوں میں اضافے کے مطالبے کو تسلیم کیا گیا۔ ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان نے خانہ شماری جو تین روز تک ہونی ہے اس میں بھی 10 دن کے اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔ ملاقات میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کے صدر دروازے کے بجائے ہر فلیٹ پر م اور ش لکھنے کا مطالبہ کیا جو کہ منظور کرلیا گیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم نے مردم شماری کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے تمام مطالبات پر اتفاق کرتے ہوئے ان کی منظوری دے دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...