انتخابات 3 ماہ میں ہوں یا بعد میں‘ ہر وقت تیار: بلاول 

Mar 02, 2023


لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری  تین روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے۔ وہ  بلاول ہاؤس میں  سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے جبکہ پیپلز پارٹی کی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت ہوگی اور پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لئے  امیدواروں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ بلاول کی مسلم لیگ ن کی قیادت سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ دریں اثناء بلاول  نے پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت کو  پارٹی پالیسی، تجاویز اور لائحہ عمل کے حوالے سے اجلاس کیا۔ بلاول نے بلوچستان سمیت پورے ملک کے عوام کو یوم ثقافت بلوچ کی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا پاکستانی قوم شہباز بھٹی کو مذہبی ہم آہنگی کے سفیر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے گی ۔ بلاول نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال، خاص طور پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بلاول نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ جو بھی ہو ہمیں الیکشن کے لئے تیاری کرنا ہے۔ تفصیلی فیصلہ دیکھ کر ہی اس پر کوئی تبصرہ کیا جاسکتا ہے۔ تفصیلی فیصلے میں دیکھنا ہوگا کہ فیصلے کی روح کیا ہے۔ انتخابات تین ماہ کے اندر ہوں یا  اس کے بعد، پیپلز پارٹی ہر وقت تیار ہے۔ تنظیمیں انتخابات کی  تیاری کریں۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا پیپر ورک ایک ہفتے میں  مکمل کر لیا جائے۔ آئندہ دورے پر تنظیمی حوالے سے امور کا جائزہ لوں گا۔ ہم جمہوری پارٹی ہیں‘ پارلیمانی بورڈ میں ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

مزیدخبریں