روشن مستقبل کیلئے بچوں کی کردار سازی کرنا ہوگی: عبدالمنان خرم 

Mar 02, 2023


لاہور(سپیشل رپورٹر) چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے اساتذہ اور والدین کو ملکر بچوں کی کردار سازی پر توجہ دینا ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے ڈاکٹر نثار احمد آڈیٹوریم میں 111-Aکیمپس اور انجینئرنگ ٹاو¿ن کیمپس کی سالانہ تقسیم تقریب انعامات سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز جن مشکلا ت کا شکار ہے ایسے حالات میں بچے مستحکم پاکستان کی نوید اور آخری امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے قوموں کی تشکیل میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں ۔آج تعلیمی ادارے اور والدین بچوں کی تعلیم اور پوزیشن حاصل کرنے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں جبکہ تربیت کا پہلو گزشتہ دہائیوں سے نظر انداز ہورہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ملک کی تعمیر وترقی کا کام بچوں کے ذمہ ہے اور ان کی کردار سازی اساتذہ نے کرنی ہے۔ والدین اور اساتذہ بچوں کی کردارسازی پر خصوصی توجہ دیں تو وہ وقت دور نہیں کہ ہم اچھی قوم پیدا کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔تقریب میں قومی ٹیم کی ہینڈ اور نیٹ بال کی کھلاڑی زریاب عارف نے بھی خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ریکٹر یونیک گروپ پروفیسر امجد علی خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر صوبیہ سجاد نقوی، ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چوہدری،ہیڈ پروموشنز اینڈ میڈیا کمیونیکیشنز پروفیسر ریاض الحق، وائس پرنسپل ہیڈ آفس پروفیسر زاہد نعیم کے علاوہ والدین، اساتذہ اور طلباکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

مزیدخبریں