پولیس پتنگیں بنانے، بیچنے ، اڑانے والوں کیخلاف متحرک :ڈی آئی جی آپریشنز 


لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور افضال احمد کوثر نے کہا ہے کہ لاہور پولیس پتنگیں بنانے، بیچنے اور اڑانے والوں کے خلاف متحرک ہے۔انہوں نے ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ خونی کھیل میں شامل عناصر کے خلاف ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پتنگ بازی کی وجہ سے ہونے والے حادثات کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ پتنگ بازی کے تدارک کیلئے باالخصوص رات کے وقت نگرانی سخت کرتے ہوئے پٹرولنگ اور چھت ڈیوٹی بڑھائی جائے تاکہ انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے والوں کو قانونث کی گرفت میں لایا جا سکے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ ماہ فروری میں پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 1343ملزمان گرفتار جبکہ 1335مقدمات درج کئے گئے۔سٹی ڈویڑن پولیس نے390، کینٹ 268، سول لائنز 115، صدر 107،اقبال ٹاؤن 218 اورماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 237 مقدمات درج کئے گئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 13سو سے زائد پتنگیں، 37چرخیاں،152پنی ڈور اور174گچھیاں برآمدکی گئی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن