لاہور( این این آئی)100ملین ڈالر کی چینی گرانٹ سے آئندہ چند ماہ نیشنل ہائی وے(این 5)کے ہالا سکرنڈ سیکشن پر کام شروع کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں چینی اور پاکستانی ماہرین جلد ہی بابوسر ٹنل اور بابوسر ناران سڑک کی فزیبلٹی سٹڈی شروع کریں گے۔اس منصوبے کیلئے بھی چین سے تکنیکی اور مالی مدد مانگی گئی ہے جس پر تقریباً 100 سے 125 ارب روپے لاگت آسکتی ہے۔ این ایچ اے کے حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ این ایچ اے نے سندھ میں این 5 کے 51 کلومیٹر ہالا سکرنڈ سیکشن کی بحالی کیلئے 3 چینی سرکاری فرموں کی جانب سے پیش کردہ بولیوں کا جائزہ لیا ہے۔ چینی حکومت کی منظوری کے بعد 3 سے 4 ماہ میں منصوبہ شروع ہونے کی امید ہے۔ چینی حکومت نے ملک کی سب سے بڑی شمال جنوب ہائی وے کے حصے کیلئے 100 ملین ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ 2010 کے سیلاب سے سڑک کو شدید نقصان پہنچا تھا اورچینی حکومت نے 2011 اور 2016 میں این 5 کے کئی حصوں کی بحالی بھی کی تھی ۔ہالا سکرنڈ سڑک بہترین سڑکوں میں سے ایک ہوگی کیونکہ پاکستان میں جس بھی سڑک کے منصوبے پر چینی کنٹریکٹرز نے کام کیا ہے۔ وہ انتہائی معیار ی اور بہترین ہے۔منصوبے کیلئے چینی گرانٹ چینی حکومت کی طرف سے پاکستانی عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔