لاہور (کامرس رپورٹر ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر سے اپٹما اور تاجروں کے وفد نے انرجی ڈیپارٹمنٹ کے کمیٹی روم میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران توانائی بچت کیلئے مارکیٹوں کی رات ساڑھے 8بجے بندش کے حکومتی فیصلے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ تاجروں نے مارکیٹوں کے اوقات کار بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بچت کے حوالے سے آگاہی پروگرام کئے جائیں، اپٹما اور تاجر توانائی بچت کے حوالے سے سفارشات اور تجاویز دیں۔ مرتب کردہ تجاویز اور سفارشات کابینہ کے سامنے رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سہولت دینا ہے۔ صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔ سیکرٹری توانائی ڈاکٹر نعیم رؤف، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن اور متعلقہ افسران ملاقات میں موجود تھے جبکہ وفد میں وائس چیئرمین اپٹما پنجاب اسد شفیع، جنرل سیکرٹری اپٹما رضا باقر، چیئرمین سٹورز ایسوسی ایشن پاکستان طارق محبوب رانا، لاہور سپرسٹورزایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری مردان علی اور دیگر شامل تھے۔