لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ان کی رہائش گاہ پر زمان پارک میں ملاقات کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے عمران خان کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر مبارکباد دی اور فیصلے کے بعد پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کی۔ ملاقات میں فوری طور پر پنجاب اور خیبر پی کے میں انتخابی سرگرمیاں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند اور آئین کی بالادستی کا عکاس ہے۔ قوم نے آئین کی بالادستی کیلئے جو جدوجہد کی وہ رنگ لائی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے اب متعلقہ ادارے بلاتاخیر اقدامات کریں۔ آئین ہی سپریم ہے یہ بات پی ڈی ایم کو بھی جان لینی چاہئے۔ ملک کو نواز شریف شہباز شریف یا مریم کی خواہشات پر نہیں آئین کے مطابق ہی چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب معزز عدلیہ مریم نواز کے عدلیہ پر حملوں کا بھی نوٹس لے۔ شہباز شریف مریم نواز اینڈ کمپنی سے بھاگنے کی بھی بہت کوشش کی لیکن عدلیہ نے اپنے فیصلے میں واضح بتا دیا کہ نوے روز میں الیکشن آئین کی منشا ہے، امید ہے کہ الیکشن کمشن صدر مملکت اور گورنر خیبر پی کے ساتھ مشاورت کے بعد بلاتاخیر الیکشن کی تاریخ اور شیڈول جاری کرے گا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان عوام کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔ حکومت میں بیٹھے مافیا سے نجات حاصل کر کے رہیں گے۔