اٹلی کشتی حادثہ: 2 پاکستانی، ترک انسانی سمگلر گرفتار، فی کس 8500 ڈالر وصول کئے 

Mar 02, 2023


اسلام آباد؍ روم (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ این این آئی) اٹلی میں کشتی الٹنے کے واقعے میں 64 افراد کی ہلاکتوں کے بعد پولیس نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کر لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گرفتار ملزموں میں سے ایک  ترک باشندہ  جبکہ 2 کا تعلق پاکستان سے بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے غیرقانونی مہاجرین کو خراب موسم کے باوجود کشتی میں سوار کر کے ترک شہر ازمیر سے اٹلی کیلئے روانہ کیا تھا۔ فی کس 8 ہزار 500 ڈالر وصول کیے تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے حالیہ دنوں میں ہونے والے افسوسناک کشتی حادثات پر نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے نے انسانی سمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ انسانی سمگلنگ جیسے گھنائونے جرم میں ملوث عناصر کسی قسم کی معافی کے مستحق نہیں، انسانی سمگلرز اور ان کے سہولت کار بین الاقوامی مجرم ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر انسانی سمگلرز کی جانب سے غیر قانونی طریقوں سے بارڈر پار کرنے والے مواد پر بھی سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کا اجلاس بھی طلب کر لیا۔ ایف ائی اے لاہور اور بلوچستان زون میں ٹاسک فورس بنا دی گئی۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ہر قسم کے وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
انسانی سمگلر گرفتار

اٹلی/ پاکستانی گرفتار

مزیدخبریں