معاشی معاملات میں احتیاط لازم‘ چین جدید گاڑیوں سے جاسوسی کا کام لے سکتا ہے، امریکی صدر 

Mar 02, 2024

واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ معاشی معاملات میں غیر معمولی احتیاط لازم ہے۔ چین کے عزائم بہت خطرناک ہیں۔ اس معاملے میں ذرا سی بھی کوتاہی کسی بہت بڑے نقصان سے دوچار کرسکتی ہے۔برطانوی جریدے نے ایک تجزیے میں بتایا کہ صدر جوبائیڈن امریکہ اور یورپ کی مارکیٹ میں بہت تیزی سے لائی جانے والی چینی گاڑیوں کے حوالے سے بہت پریشان ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چین کی بنائی ہوئی گاڑیاں امریکہ اور یورپ میں حساس نوعیت کا ڈیٹا جمع کرنے کے بعد اس کی ترسیل کے لیے بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ چین کی الیکٹرک کاریں اور دیگر جدید ترین گاڑیاں حساس آلات سے مزین ہوتی ہیں اور جاسوسی کے لیے استعمال کی جاسکتی ہیں۔صدر بائیڈن نے امریکہ میں تیار کی جانے والی گاڑیوں میں بیرونی سوفٹ ویئرز کی تنصیب کے حوالے سے تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔صدر بائیڈن کا دعوی ہے کہ چین کی تیار کردہ جدید ترین الیکٹرک اور روایتی گاڑیاں دور سے کنٹرول کرکے غیر فعال بھی بنائی جاسکتی ہیں۔اگر امریکی صدر کے احکامات کے تحت تحقیقات کی گئی تو امریکہ میں چین کی گاڑیوں پر مزید پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔ چین کی تیار کردہ گاڑیوں پر پہلے ہی اضافی 25 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کی جاسکتی ہے۔

مزیدخبریں