پشاور ( بیورو رپورٹ) نومنتخب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردارعلی امین گنڈا پور نے8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے کامیابی حاصل کی، علی امین گنڈا پور کا تعلق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے اور ان کے والد ریٹائرڈ میجر امین اللہ گنڈا پور معروف شخصیت ہیں جو سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں نگراں کابینہ کا حصہ رہ چکے ہیں۔علی امین گنڈا پور کے چھوٹے بھائی فیصل امین گنڈا پور 2018 کے الیکشن میں کامیاب ہو کر خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات بنے تھے جبکہ دوسرے بھائی عمر امین گنڈا پور ڈی آئی خان شہر کے میئر ہیں۔ علی امین گنڈاپور 2013 میں پہلی بار پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر پی کے 64 ڈی آئی خان سے کامیاب ہو کر صوبائی کابینہ میں شامل ہوئے تھے۔ پرویز خٹک حکومت میں صوبائی وزیر مال کا عہدہ سنبھالا۔ 2018 این اے 38 ڈی آئی خان سے جیت گئے۔ امورِ کشمیر و گلگت بلتستان کے وفاقی وزیر کا قلمدان دیا گیا تھا۔ علی امین گنڈا پور تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر بھی رہ چکے ہیں۔ اپنی شعلہ بیانی اور جذباتی انداز کی وجہ سے مشہور ہیں، اسلام آباد آزادی مارچ ہو یا لاہور زمان پارک پر پولیس کی چڑھائی، عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے۔ 6 اپریل 2023 کو پشاور ہائی کورٹ کے ڈیرہ اسماعیل خان بینچ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا، انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانولہ نے 9 مئی کو کینٹ پر حملے اور جلائو گھیرائو کے مقدمے میں مراد سعید، حماد اظہر اور علی امین گنڈا پور سمیت 51 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔