اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الحمد للہ ! آج ملک میں جمہوری عمل جاری ہے، پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران حکومت نے بروقت انتخابات منعقد کروائے اور آج ملک میں نئی اسمبلیاں وجود میں آ چکی ہیں، امید ہے نئی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وزارت پارلیمانی امور میں اپنے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ عوام کی شرکت کے بغیر جمہوریت کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے نئی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ بحیثیت وفاقی وزیر پارلیمانی امور پارلیمان کے اجلاسوں میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے، اس موقع پر وزارت پارلیمانی امور کے ایڈیشنل سیکرٹری اور سینئر جوائنٹ سیکرٹری نے نگران دور میں وزارت پارلیمانی امور کی کارکردگی اور اقدامات سے آگاہ کیا۔ تقریب کے آخر میں وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے تمام افراد سے فرداً فرداً ملاقات کی ۔
امید ہے نئی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی: مرتضیٰ سولنگی
Mar 02, 2024