توانائی بچت پلان پرعملدرآمد اور ہفتہ وار دو چھٹیاں ہونے کے باوجود مختلف شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دس گھنٹے سے تجاوزکرگیا۔

حکومت کی جانب سے ہفتہ میں دو چھٹیاں اور کاروباری مراکز رات آٹھ بجے  بند کرانے کے باوجود بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی نہیں ہوسکی ۔ آج چھٹی کے روز بھی مختلف شہروں میں طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ بعض علاقوں میں پانی کی قلت کی بھی شکایات ہیں ۔ پیپکو ذرائع کے مطابق اس وقت بجلی کی طلب چودہ ہزار تین سو چھ میگا واٹ جبکہ پیداواردس ہزار نوسو پچھتر میگا واٹ ہے۔ اس وقت مجموعی طور پرتین ہزار تین سو اکتیس میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔ لاہور پشاور ،کوئٹہ ، ملتان، گوجرانوالہ ،راولپنڈی، گجرات، جہلم ،سرگودھا، سیالکوٹ ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں  بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے ۔ دوسری جانب دیہی علاقوں میں بھی مسلسل کئی کئی گھنٹے بجلی بند رکھی جارہی ہے ۔ اوربعض علاقوں میں مجموعی طور پر پندرہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ۔ ادھر لاہور میں رات آٹھ بجے سینما گھر بند کرنے کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے جس سے سینما مالکان میں تشویش پائی جاتی ہے۔ واپڈا کی جانب سے صرف ٹیکسٹائل سیکٹر کو بجلی کی مسلسل فراہمی کی جارہی ہے جبکہ دیگر صنعتیں شدید بحران سے دو چار ہیں۔

ای پیپر دی نیشن