امریکی سفارتخانے کی ترجمان کے مطابق ہاورڈ برمن کی قیادت میں آنے والا امریکی کانگریس کا پانچ رکنی وفد پیر کو پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کرے گا ۔ ان کے دورے کا مقصد کیری لوگر امداد کے تحت ملنے والی رقوم کے معاملات پر مشاورت ہے۔ ہاورڈ برمن اور ان کے وفد کی صدر آصف زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات متوقع ہے۔ ہاورڈ برمن اپنے دورے میں خطے کی صورتحال، پاک بھارت تعلقات، افغانستان میں امن و استحکام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جیسے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ واضح رہے کہ ہاورڈ برمن امریکی کانگریس میں خارجہ امور کی ہاؤس کمیٹی کے چیئرمین اور ایوان نمائندگان میں کیری لوگر قانون کے شریک خالق ہیں۔