امریکہ اوریورپ نے اسامہ بن لادن کی پہلی برسی کے موقع پرباڈی بم حملوں کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔

امریکی ٹی وی اے بی سی نیوز نے امریکی اور یورپی حکام کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ القاعدہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد جسم کی پیوند کاری کے ذریعے باڈی بم بنانے کی صلاحیت حاصل کرچکے ہیں، جبکہ اسامہ بن لادن کی پہلی برسی کے موقع پر ان بموں کے ذریعے طیاروں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ طبی ماہرین کے نزدیک جسم کے اندر بم کی تنصیب ممکن ہے کیونکہ معدے کے قریب اتنی جگہ ہوتی ہے کہ وہاں کوئی چیز رکھی جاسکے۔حکام کے مطابق انہیں اس بات کی خفیہ اطلاع ملی تھی کہ بم بنانے کا ماہرالقاعدہ رہنما ابراہیم العصری یہ بم بنا چکا ہے، بم میں دھات کا استعمال نہ ہونے کی وجہ سے یہ ائیرپورٹ سکیورٹی کی نظروں سے بھی اوجھل ہی رہے گا۔ ابراہیم العصری پر الزام ہے کہ اس نے یہ تجربہ دوہزار نو میں سب سے پہلے اپنے تئیس سالہ بھائی عبداللہ کے جسم میں بم نصب کرکے کیا۔ اس حملے میں اس کا نشانہ سعودی انٹیلی جنس چیف شہزادہ محمد بن نائف تھے مگر بم قبل از وقت پھٹنے سے وہ محفوظ رہے۔ العصری دوہزارنواور دوہزار دس میں بم کے ذریعے طیارے تباہ کرنے کی سازش بھی کرچکا ہے۔ دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کی اطلاعات پر سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن