الیکشن وقت پر ہونگے‘ حکومت امن کیلئے تمام اقدامات کریگی : صدر زرداری

کراچی (سٹاف رپورٹر+ این این آئی+ آن لائن) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے ۔پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے حکومت تمام اقدامات بروئے کار لائے گی اور اس حوالے سے تمام سیکورٹی اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔ صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاو¿س میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے گفتگو کررہے تھے ۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں مجموعی صورتحال اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر سندھ نے صدر مملکت کو کراچی سمیت صوبے بھر میں پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے کئے جانے والے سیکورٹی اقدامات سے آگاہ کیا ۔صدر نے کہا کہ حکومت ملک میں قیام امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے ۔صدر نے ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کیلئے مزید مربوط اقدامات کئے جائیں جبکہ تمام انتخابی امیدواروں کی حفاظت اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے جامع سیکورٹی پلان تشکیل دیا جائے ۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ کسی کو بھی انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
صدر زرداری

ای پیپر دی نیشن