لاہور (پ ر) صوبائی نگران وزیر داخلہ طارق پرویز نے الیکشن 2013ءکے لئے انتخابی اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی انتظامات کے لئے وہ ابھی تک راولپنڈی ریجن کے علاوہ صوبہ پنجاب کے تمام ریجنز کا دورہ کر چکے ہیں۔ صوبائی حکومت نے انتخابی انتظامات، الیکشن کمشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک جو انتظامات شیڈول کے مطابق کرنا تھے وہ کر چکے ہیں۔ اس حوالے سے تمام منصوبہ بندی مکمل کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کی کیا جائے گا۔ الیکشن کے لئے جو ماحول ہونا چاہئے وہ ہم فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں کو تین کیٹگریز میں تقسیم کر کے ہر کیٹگری کے مطابق سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ انہوں نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے صوبائی سطح پر ”جنرل ہولڈ اپ“ بھی کئے ہیں جس سے امن و امان یقینی بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام حساس اسٹیشنوں پر پولیس کی نفری تعینات کرنے کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمرے، ویڈیو ریکارڈنگ اور سکیورٹی کے حوالے سے دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور رینجرز کی کمپنیاں بھی اس ضمن میں تعینات کی جائیں گی۔
نگران وزیر داخلہ
الیکشن میں فائرنگ، اسلحہ کی نمائش پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: صوبائی وزیر داخلہ
May 02, 2013