بینظیر کو طالبان نے قتل نہیں کیا‘ بلوچستان‘ خیبر پی کے میں آپریشن ختم کر دیں گے : عمران

May 02, 2013

کوئٹہ (بیورو رپورٹ + آئی این پی) عمران خان نے کہا ہے کہ زرداری بھٹو کے نام پر حکومت کر رہے ہیں‘ بھٹو دلیر آدمی تھے جبکہ زرداری بزدل ہے‘ سندھ کے وڈیرے اور سیاستدان عوام پر ظلم کر رہے ہیں‘ بلدیاتی نظام لا کر ترقیاتی فنڈز عوام کو دیں گے، تحریک انصاف بلوچستان، خیبر پی کے سمےت ملک بھر میں آپریشنز کا خاتمہ کر کے مسائل کا سیاسی حل نکالے گی، تعلیمی اصلاحات اور اقوام کے ساتھ ہونے والے مظالم کا خاتمہ کیا جائے گا، قوم اور مذہب کے نام پر سیاست کرنے والے عوام کے دوست نہیں، بلوچستان میں تحریک انصاف کا مقابلہ شیر سے نہیں، سرداروں، جاگیرداروں اور ظالموں سے ہے، عوام دلوں سے خوف نکال کر تحریک انصاف کو سپورٹ کریں، نئے بلدیاتی نظام سمےت مضبوط تعلیم، صحت اور دیگر نظام دیں گے، مسنگ پرسن اور لاشیں گرنے کا سلسلہ ختم ہو جائے گا، 11 مئی کو نئے پاکستان کے لئے عمران خان کے نہیں، مستقبل کی جنگ کے لئے لوگ باہر نکلیں۔ وہ بدھ کو لورالائی، سبی اور جیکب آباد میں انتخابی جلسوں سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ وسائل کے اعتباد سے ملک کا سب سے امیر صوبہ سرداروں، جاگیرداروں، وڈیروں اور ظالموں کی وجہ سے پسماندگی اور غربت کا شکار ہے، اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں نے ہمیشہ سے غریب عوام کی بجائے یہاں کے سرداروں، جاگیرداروں اور وڈیروں کو بے شمار فنڈز دئیے جو غریب عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے ان کے جیبوں میں چلے گئے۔ جیکب آباد میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا ہے کہ صدر زرداری بھٹو کے نام پر لوٹ مار کر رہا ہے لیکن وہ انتہائی بزدل شخص ہے۔ زرداری سے پوچھا جائے کہ بیرون ملک میں عوام کے نام پر اس نے کتنا پیسہ جمع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام پر سب سے زیادہ ظلم ہوتا ہے۔ عوام کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع ملا ہے۔ 11 مئی کو بلے کو کامیاب کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیا بلدیاتی نظام لائیں گے اور ترقیاتی فنڈز بلدیات کو دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ مغرب بلدیاتی نظام کی بدولت ترقی یافتہ ہو گیا جبکہ ہم نے وڈیروں والا نظام اپناکر اپنے ساتھ ظلم کیا ہے۔ ہم تعلیمی نظام کو ملک بھر میں یکساں طور پر رائج کریں گے۔ تھانوں میں پولیس کلچر بھی تبدیل ہو گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وڈیروں کا خوف ذہن سے نکال کر تحریک انصاف کو کامیاب کروائیں۔ برطانوی اخبار کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کو طالبان نے قتل نہیں کہا بلکہ ان لوگوں نے مارا ہے جنہیں اس کے اقتدار میں آنے کا خطرہ تھا‘ آصف زرداری نے پانچ سال حکومت کی‘ یہ ملکی تاریخ کا بدترین دور حکومت تھا‘ زرداری نے اتحادیوں کو حکومت کی مدت پوری کرنے کی قیمت ادا کی‘ انہوں نے جو مطالبہ کیا زرداری نے پورا کیا‘ میں نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنی سکیورٹی میں اضافہ کیا‘ پارٹی ٹکٹ نہ دینے پر میرا کزن مجھے چھوڑ گیا‘ دوسری جماعتوں میں نمبروں کی گیم جاری ہے‘ تحریک انصاف کا گراف روز بروز تیزی سے بلند ہو رہا ہے جس کے باعث خطرہ بھی بڑھ رہا ہے‘ صورتحال میں تبدیلی لائے بغیر ہم ملک میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکتے۔ 

مزیدخبریں