واشنگٹن (آن لائن) افغانستان کے لئے امریکی اور نیٹو افواج کے سابق کمانڈر جنرل ریٹائرڈ جان ایلن نے کہا ہے کہ جنگ سے تباہ حال افغانستان کو لاحق سب سے سنگین خطرہ طالبان سے نہیں بلکہ بدعنوانی سے ہے۔ افغانستان کی حقیقی جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اس ملک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ایمانداری، ایک مؤثر عدلیہ اور قانون کا بول بالا کرنے کے لیے سچا عزم درکار ہے۔ افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کے سابق کمانڈر جنرل جان ایلن نے سینٹ کی ایک ذیلی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایک طویل عرصے تک ہم نے اپنی توجہ صرف طالبان پر مرکوز رکھی، جنہیں ہم اس ملک کے لیے سب سے بڑا خطرہ تصور کرتے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ اگر طالبان کا تقابلی جائزہ اس ملک میں پائی جانے والی بدعنوانی سے کیا جائے تو یہ جنگجو صرف ایک غصے کا باعث قرار دیئے جا سکتے ہیں۔ انہو ں نے مزید کہاکہ آپ کی اولین ترجیح اس ملک کے اداروں کو بدعنوانی سے پاک بنانا ہونی چاہیے۔