لاہور(نامہ نگار) کیمپ جیل میں 23سالہ حوالاتی مبینہ طور پر مزنگ پولیس اور جیل حکام کے تشدد سے ہلاک ہوگیا۔ بند روڈ، یوسف نگر کا رہائشی ایک بیٹے کا باپ 23سالہ اکمل منظور کپڑے پر مشینی کڑھائی کا کام کرتا تھا۔ راہزنی کی وارادت میں ملوث ہونے پر تھانہ مزنگ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوکر ایک ہفتے سے کیمپ جیل میں بند تھا۔ گزشتہ روز پر اسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی۔ جیل حکام کے مطابق اکمل کسی بیماری کا شکار تھا اور وہ طبعی موت مرا ہے۔ ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ دو ہفتے قبل مزنگ پولیس نے اکمل کو اٹھا کر ایک ہفتہ تھانے میں رکھ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس خرچہ مانگتی رہی۔ پھر اکمل کو جیل بھجوا دیا۔ جہاں اکمل کو جیل حکام نے بھی تشددکا نشانہ بنایا اور وہ ہلاک ہوگیا۔