آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات آج دبئی میں ہونگے، پاکستان بجٹ فریم ورک منظوری کے لئے پیش کرے گا

May 02, 2016

اسلام آباد (آن لائن)وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی ہدایت پر وزارت خزانہ کی اقتصادی ٹیم آج پیر کو دبئی میں آئی ایم ایف کے ساتھ ہونیوالے مذاکرات میں آئندہ مالی سال 2016-17ء کا بجٹ فریم ورک منظوری کیلئے پیش کریگی ۔وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود کی سربراہی میں وفد آئی ایم ایف مشن کے ساتھ مذاکرات کریگا ۔آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد رواں ماہ مئی میں وزیراعظم کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل میں مسودہ کی منظوری دی جائیگی۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ میں جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 6.2 فیصد تجویز کیا گیا ہے جو رواں مالی سال 5.5 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بجٹ خسارے کا ہدف جی ڈی پی کے 3.8 فیصد مقرر کیا گیا جو جاری سال کے بجٹ میں 4.3 فیصد مقرر تھا۔ نئے بجٹ میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 12.7 فیصد رکھی گئی ہے ملکی و غیر ملکی قرضوں کا بوجھ کم کر کے جی ڈی پی 59.4 فیصد کرنے کی تجویز ہے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 23.6 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 3735 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے ۔

مزیدخبریں