لاہور+ پشاور (نامہ نگار+ آئی این پی) پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 16مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن دہشت گردوں کی شہر میں اطلاع کے بعد کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پشاور کے علاقہ چمکنی میں پولیس نے کارروائی میں3دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں ایک مردان اور ایک باجوڑ کا رہائشی ہے۔ تینوں کا تعلق ایک کالعدم دہشت گرد تنظیم سے ہے۔ ادھر کوہاٹ میں بھی کارروائی کے دوران ایک انتہائی مطلوب دہشت سفیل کو گرفتار کر لیا گیا ۔ دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق سکیورٹی اداروں نے نواحی قصبہ دیووال میں سرچ آپریشن کے دوران8مشکوک افراد کو حراست میں لیکر ان سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ۔