کرپشن کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروع میں ریلیاں :قومی ولت لوٹنے والوں کا تعاقب کرینگے :سراج الحق

May 02, 2016

لاہور/ شیخوپورہ (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی+ نمائندگان) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی ہدایت پر جماعت اسلامی اور اس کی برادر تنظیموں نے لاہور سمیت کئی شہروں میں کرپشن اور پانامہ لیکس کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں اور سیمینار منعقد کئے اور مطالبہ کیا کہ کرپشن کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے حکمرانوں سمیت قومی دولت لوٹنے والوں کا بے لاگ احتساب کیا جائے اور لوٹی گئی دولت کی ایک ایک پائی وصول کی جائے۔ پنجاب کے اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، گجرات، راولپنڈی، ملتان، سیالکوٹ، سرگودھا، چنیوٹ و دیگر اضلاع میں بھی کرپشن کے خلاف ریلیاں، جلوس اور سیمینار منعقد ہوئے جن سے جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے خطاب کیا اور کہا کہ ہم پاکستان سے کرپشن کو ختم کر کے مدینہ کی طرز پر اسلامی و فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے ٹائون شپ اکبر چوک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محنت کشوں کو سوشل سکیورٹی نیٹ ورک میں شامل کیا جائے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام لاہور میں خواتین کی بہت بڑی کرپشن فری پاکستان ریلی نکالی گئی جس سے ذکر اللہ مجاہد اور عبدالعزیز عابدنے خطاب کیا۔ ریلی کی قیادت ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، زرافشاں فرحین، ڈاکٹر شگفتہ و دیگر رہنمائوں نے کی۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس والوں کو امریکہ، برطانیہ اور پانامہ میں بھی پناہ نہیں ملے گی۔ قومی دولت لوٹنے والوں کا ہر جگہ تعاقب کریں گے۔ لٹیروں سے جب بھی مال مسروقہ برآمد کرنے کی بات ہوتی ہے تو جمہوریت کو خطرہ لاحق ہونے کی آوازیں سنائی دینے لگتی ہیں۔ ہم جمہوریت کے نہیں، کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف ہیں۔ چیف جسٹس ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے کمشن کی سربراہی قبول کریں۔ چیف جسٹس کے علاوہ قوم اب کسی پر اعتماد نہیں کرے گی۔ حکمران حکومت یہاں کرتے ہیں اور ان کے دل لندن اور پانامہ میں اٹکے ہوتے ہیں۔ اس ظالمانہ اور استحصالی نظام سے نجات کے لئے مزدوروں، کسانوں اور عام آدمی کو اٹھنا ہوگا۔ حکمران اپنی فالتو چربی پگھلانا چاہتے ہیں تو لندن جا کر علاج کرانے کی بجائے مزدوروں کے ساتھ چند دن گزاریں۔ محکمہ محنت کے وفاقی اور صوبائی وزراء بتائیں کہ انہوں نے مزدور کے مسائل کے حل کیلئے آج تک کیا کیا ہے؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز شیخوپورہ میں بھٹہ عاشق ورک پر بھٹہ مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اینٹیں بنانے اور مزدوروں کے ساتھ کھانا کھانے کے بعد شرکاء سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد، اظہر اقبال حسن، امیر العظیم ، رانا تحفہ دستگیر احمد، شیخ محمد جمیل، چودھری خالد محمود ورک، سرفراز احمد خان و دیگر بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہاکہ ملکی اقتدار پر انٹرنیشنل چوروں نے قبضہ کر رکھا ہے۔ مزدوروں کی خون پسینے کی کمائی حکمران باہر منتقل کر رہے ہیں۔ پانامہ میں دولت چھپانے والے کسی غریب کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ غربت میں پسے ہوئے کسانوں اور مزدوروں کی نمائندگی وہ لوگ کر رہے ہیں جنہیں ان کے بنیادی مسائل کا سرے سے علم ہی نہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی کی موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے مزدور کی کم سے کم تنخواہ 20 ہزار روپے ہونی چاہئے، انہیں پنشن اور دیگر الائونسز کا حق ملنا چاہئے‘ ریٹائرڈ صنعتی مزدوروں کی کم سے کم پنشن 10ہزار روپے کی جائے۔ مزدور کو بھی کاروبار کیلئے بلا سود قرضوں کی سہولت ملنی چاہئے۔ ہم اقتدار میں آئے تو مزدوروںکو بھی وہ تمام سہولتیں اور مراعات حاصل ہونگی جو حکمران طبقہ نے اپنے لئے خاص کر رکھی ہیں۔ قبل ازیں شیخوپورہ پہنچنے پر سراج الحق کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔ سینیٹر سراج الحق نے بھٹہ پر اینٹ ڈال کر مزدوروں کے ساتھ عملی طور پر اظہار یکجہتی کیا اور بعدازاں ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔

مزیدخبریں