لاہور (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) تھانہ سبزہ زار کے علاقہ میں لڑکی سے شادی کے تنازعہ پر 2 دوستوں نے تیسرے کو گولیاں مار کر قتل کردیا‘ تینوں دوستوں کی 4 روز پہلے ہی صلح ہوئی تھی۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگئے جبکہ تھانہ ہربنس پورہ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے باپ اور چچا کے سامنے نوجوان کو گولیاں مارکر موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ اسلام پورہ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے اندھادھند فائرنگ کرکے 42 سالہ فیکٹری مالک کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ سبزہ زار کے علاقہ کا 22 سالہ نوجوان نعمان محلے کی لڑکی سے شادی کا خواہشمند تھا جبکہ نعمان کے 2 دوست شان عرف شانی اور مانہ اسے اس لڑکی سے شادی کرنے سے روکتے رہے جس پر چند ہفتوں قبل تینوں دوستوں میں جھگڑا ہوگیا اور 4 روز پہلے صلح ہوگئی۔ گذشتہ روز شان عرف شانی اور مانہ نعمان کے گھر آئے اور اسکے گھر کے باہر کافی دیر تک نعمان سے گفتگو کرتے رہے۔ اسی دوران ملزموں نے نعمان کو گولیاں مار دیں اور فرار ہوگئے۔ نعمان کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ علاوہ ازیں تھانہ ہربنس پورہ کے علاقہ فتح گڑھ مراد پورہ کے قریب 28 سالہ جنید اپنے والد ذوالفقار اور چچا امتیاز کے ہمراہ جا رہا تھا کہ اسی دوران 2 نامعلوم افراد انکے پاس آئے اور جنید پر فائرنگ کردی جس سے جنید شدید زخمی ہوگیا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگئے۔ جنید کو سروسز ہسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ مقتول کے والد ذوالفقار احمد کی درخواست پر نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے بعد حقائق معلوم ہوسکیں گے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مقتول کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا۔ علاوہ ازیں اسلام پورہ کے علاقہ بند روڈ کچاچوہان روڈ پر 42سالہ فیکٹری مالک خرم جا رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے اسے فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ ورثاءنے شبہ ظاہر کیا ہے کہ خرم کو لین دین کے تنازعہ پر قتل کیا گیا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں نے لین دین کے تنازعہ پر خرم کو قتل کیا ہے۔ مقتول ایک بیٹے کا باپ تھا۔
3افراد قتل