علاقائی امن کیلئے پاکستان سمیت تمام ملکوں سے تعاون پر تیار ہیں : چینی وزیر دفاع

May 02, 2016

ماسکو( صباح نیوز)چین علاقائی امن وسلامتی کے تحفظ کی غرض سے پاکستان سمیت خطے کے تمام ملکوں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔یہ بات چین کے وزیر دفاع چانگ وان کو آن نے اپنے دورہ ماسکو کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ چین کے وزیردفاع کا کہناتھا کہ دہشت گردی کے سدباب کے لیے ، جامع سیاسی، اقتصادی سفارتی اور ثقافتی پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔انہوں نے دہشت گردی کے مقابلے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خطے کے تمام ملکوں سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کےساتھ تعاون میں اضافہ کریں۔چانگ وان کوآن نے یہ بات زور دیکر کہی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ، اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی قوانین کے مطابق ہونی چاہیے۔چین کے وزیردفاع نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں، دہرے معیاروں سے اجتناب اور کسی مذہب یا قوم کو براہ راست نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر دیگر ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور ذاتی مفادات کے حصول کی روک تھام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔قبل ازیں انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی شوئے گو سے ملاقات کی اور بیجنگ ماسکو دفاعی تعلقات اور تعاون کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

مزیدخبریں