لاہور(پ ر) سربراہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈاکٹرمحمد فاروق ستارنے کہاہے کہ پاکستان میںتبدیلی ایم کیوایم کے پلیٹ فارم سے آئےگی، پنجاب کے گلی کوچے میں ہمارا پیغام پھیل رہاہے جلد پنجاب کے بلدیاتی نظام کو وزیراعلیٰ شہباز شریف کے چنگل سے نجات دلائیں گے۔ آنے والا وقت پڑھے لکھے نوجوانوں کاہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے نیومسلم ٹاﺅن میںمزدوروںکے عالمی دن کے موقع پرایم کیو ایم پنجاب ہاﺅس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب میں رابطہ کمیٹی شبیر احمد قائم خانی ، سیکریٹری جنرل ایم کیو ایم پنجاب ملک وسیم کھوکھر، سینئر نائب صدر عابد گجر، فنانس سیکریٹری کاشف خورشید ،جوائنٹ سیکریٹری محمد علی جواد ، اراکین کمیٹی عہدیداران سمیت کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹرمحمدفاروق ستارنے کہاکہ آج ہمارے شہید چیئرمین عظیم احمد طارق کی برسی بھی ہے جنہوں نے ایم کیو ایم کے نظریے ، لٹریچر میں ایک بڑا حصہ ڈالا ہے ۔ یہی نظریہ اور لٹریچر ایم کیو ایم کو ایک منفرد جماعت اور تحریک بناتا ہے، میں عظیم احمد طارق شہید کو ان کی شہادت کے دن پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔انہوںنے کہا کہ آج یکم مئی ہے ، یکم مئی بادی النظر میں مزدوروں کا دن ہے، جس ملک کے بیس کروڑ عوام کو محکوم و مظلوم بنا دیا گیا ہو، یہ دن پاکستان کے مظلوموں ، محکوموں کا دن ہے۔ عمران خان نے کراچی میں کھڑے ہو کر وسیم اختر کی حمایت کی تو میں نے لاہور میں آ کر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے رکن رابطہ کمیٹی شبیر احمد قائم خانی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم عوام کو لوٹنے والے ڈاکوﺅں ، منافقوں ، لٹیروں اور چوروں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
فاروق ستار