لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب حکومت نے جماعۃ الدعوۃ کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید سمیت پانچ رہنمائوں کی نظر بندی میں مزید 90 روز کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ وفاقی حکومت کی ہدایت پر صوبائی حکومت نے پروفیسر حافظ محمد سعید ،عبد اللہ عبید ،ظفر اقبال ، عبد الرحمن عابد اور کاشف نیازی کو 30 جنوری کو نظر بند کیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق 30اپریل کو نظر بندی کی مدت ختم ہونے پرپنجاب حکومت نے رہنمائی کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا تھا اور مزید نظر بندی کے احکامات پر پنجاب حکومت نے 90روز کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔حافظ محمد سعید کو ان کی رہائشگاہ 116 ای جوہر ٹائو ن میں نظر بند رکھا گیا ہے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم میجر (ر) اعظم سلیمان خان کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے وفاق سے مشاورت کے بعد حافظ سعید کی نظر بندی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔محکمہ داخلہ نے پنجاب پولیس اور تمام اداروں کو نوٹیفیکیشن کی کاپی ارسال کر دی ہے ۔