یورپی یونین میں اصلاحات نہ ہوئیں تو فریکزٹ ہو سکتا ہے، فرانسیسی صدارتی امیدوار

May 02, 2017

پیرس (این این آئی) فرانسیسی صدارتی انتخاب میں صفِ اول کے امیدوار امانوئل میکروں نے بتایا ہے کہ اگر یورپی یونین میں اصلاحات نہ کی گئیں تو اسے فرانس کے انخلا فریکزٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں یورپ کے حق میں ہوں۔ میں نے انتخابی مہم کے دوران یورپ کے تصور اور یورپی پالیسیوں کی حمایت کی ہے کیوں کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ فرانسیسی عوام اور عالمگیریت کے دوران میں ہمارے ملک کے مقام کے لیے انتہائی ضروری ہے۔تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اس صورتِ حال کا بھی مقابلہ کرنا ہے، لوگوں کی بات بھی سننی ہے اور یہ بھی سننا ہے کہ وہ سخت غصے میں ہیں اور یورپی یونین کی عدم کارکردگی زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔انھوں نے مزید کہاکہ اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ میرا مینڈیٹ یہ ہو گا کہ میں ایک دن بعد ہی یورپی یونین اور یورپی پروجیکٹ میں اصلاحات کے لیے کام کروں۔میکروں نے کہا کہ اگر وہ یورپی یونین کو ایسے ہی چلنے دیں تو یہ دغابازی کے مترادف ہو گا۔میں ایسا نہیں کرنا چاہتا۔ کیوں کہ پھر ہمیں فریکزٹ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزیدخبریں