لندن (نوائے وقت رپورٹ) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔ ہم پاکستان کے بغیر کچھ نہیں۔ الیکشن 2018ء میں مسلم لیگ (ن) پنجاب اور خیبر پی کے جبکہ پیپلزپرٹی سندھ سے جیتے گی۔ 90فیصد چانسز ہیں کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب، پیپلز پارٹی سندھ میں دوبارہ حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پر کرپٹ حکمران مسلط ہیں ہم نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو شکست دینے والی سیاسی قوت بنانی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے باریاں لگا رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت کشمیر کا غیرفوجی حل چاہتا ہے کیونکہ وہ پاکستانی فوج کی طاقت سے آگاہ ہے۔ عمران خان صحیح کہتے ہیں کہ ملک میں تبدیلی لانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوز لیکس کے معاملے پر چھوٹے موٹوں کی قربانی دیکر اصل کرداروں کو بچایا جا رہا ہے۔ قومی سلامتی کو دائو پر لگانے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں۔ نیوز لیکس کی رپورٹ منظرعام پر لائی جائے تاکہ حقائق کا پتہ چل سکے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ اگر تمام ججز کا فیصلہ وزیراعظم کے خلاف آتا تو اچھا ہوتا، آئندہ الیکشن میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) اکٹھے ہوں گے، عمران خان اکیلے دونوں پارٹیوں کو شکست نہیں دے سکتے وہ حکومت کے خلاف تحریک میں ہمارے ساتھ شامل ہوجائیں۔ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کرپشن کے خلاف عوام میں آگاہی کا کریڈیٹ پی ٹی آئی کو جاتا ہے ، عمران خان کا تبدیلی کا نعرہ بالکل درست ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پی پی نے باریاں لگا رکھی ہیں۔
2018ء کا الیکشن مسلم لیگ ن جیتے گی‘ پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی: پرویز مشرف
May 02, 2017