یونیسکو: بیت المقدس میں اسرائیلی سرگرمیوں کے خلاف قراردادآج پیش کی جائیگی

رام اللہ (این این آئی)اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت ’یونیسکو‘ میں بیت المقدس کے بارے میں اسرائیلی موقف کے خلاف قرارداد پیش کرنے کے معاملے پر جرمنی اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی سامنے آئی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کے ذمہ داران نے کہاکہ جرمنی نے یونیسکوکی انتظامی کمیٹی میں اسرائیل مخالف قرارداد روکنے میں نہ صرف کوئی کردار ادا نہیں کیا بلکہ برلن نے عرب ممالک کےساتھ ساز باز کرکے یورپی ملکوں کو بھی قرارداد کے خلاف رائے شماری میں حصہ لینے سے روکنے کی کوشش کی ہے۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یونیسکومیں (آج) منگل کو پیش کی جانے والی قرارداد ایک حساس معاملہ ہے۔ یہ قرارداد عرب ممالک کی طرف سے پیش کی جائے گی جس میں بیت المقدس میں اسرائیلی سرگرمیوں کی سخت مخالفت کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنر الون اوشفیز نے تل ابیب میں متعین جرمن سفیر کالمنس فون گیٹزا سے بھی بات کی تھی۔ انہوں نے جرمن سفیر پرواضح کیا تھا کہ جرمنی کو ’یونیسکو‘ میں اسرائیل مخالف قرارداد کی حمایت سے باز رہنا چاہیے۔خیال رہے کہ جرمنی اور اسرائیل کے درمیان تازہ تناو¿ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے دو روز قبل بیت المقدس کےدورے پرآئے جرمن وزیرخارجہ زیگمار گبرییل سے ملاقات سے انکار کردیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن