جمہوریہ ڈومینیکن کے چین سے سفارتی تعلقات قائم‘ تائیوان سے منقطع

بیجنگ (آئی این پی‘ سِنہوا‘ اے ایف پی)چین اور ڈومینیکن جمہوریہ نے سفارتی تعلقات کے قیام کے بارے میں گزشتہ روز بیجنگ میں ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے،مشترکہ اعلامیہ پر چین کی مرکزی کابینہ کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ ژی اور ڈومینکن کے وزیر خارجہ میگوئل ورگرس نے دستخط کئے،اعلامیہ کے مطابق’’ڈومینیکن جمہوریہ کی حکومت تسلیم کرتی ہے کہ دنیا میں صرف ایک ہی چین ہے اور یہ کہ عوامی جمہوریہ چین کی حکومت واحد نمائندہ قانونی حکومت ہے جو پورے چین کی نمائندگی کرتی ہے اور یہ کہ تائیوان چینی علاقے کا اٹوٹ انگ ہے اس لئے ہمارے ملک کے مستقبل پر مؤثر اثرات ہوں گے۔‘‘اعلامیہ میں مزید کہا گیاہے کہ لہٰذا جمہوریہ ڈومینیکن کی حکومت آج سے تائیوان کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرتی ہے۔ چین نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ جتنی جلد ممکن ہوسکے دونوں ممالک سفارت کاروں کو ایک دوسرے کے ملک میں تعینات کریں گے۔ادھر تائیوان نے جمہوریہ ڈومینیکن کی جانب سے تعلقات منقطع کئے جانے اور چین کے ساتھ دوستی کرنے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ تائیوانی وزیر خارجہ جوزف واڈ نے بھی جوابی طور پر جمہوریہ ڈومینیکن سے تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کردیا اور سفارتی عملہ فوری طور پر واپس بلا لیا۔

ای پیپر دی نیشن