اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی )متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے کہا ہے کہ انکا ملک پاکستان سے تجارتی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔دونوں ممالک کے مابین بھائی چارے کا دیرینہ رشتہ ہے۔ پاکستانی مصنوعات معیاری ہیں مگر انھیں یو اے ای کی منڈی میں وہ مقام حاصل نہیں جو ہونا چاہئے جسکے لئے مارکیٹنگ کو بہتر بنانے کے ساتھ دونوں ممالک کی کاروباری برادری اور دیگر شراکت داروں کومل کر کوشش کرنا ہو گی۔ یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم نے یہ بات فیڈریشن آف پاکستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی کے صدرغضنفر بلورسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ پاکستان کو میڈیا کی جانب سے بے نبیاد پراپیگنڈہ کا سامنا ہے جس کا توڑ کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر غضنفر بلور نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کو مل کر ترقی کی منزل طے کرنے کی ضرورت ہے۔ پاک فوج کی قربانیوں کی وجہ سے دہشت گردی دم توڑ چکی ہے اور امن بحال ہو چکا ہے اس لئے غیر ملکی سرمایہ کار بلا خوف و خطر پاکستان کا رخ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، آئی اینڈ گیس، ٹیلی کام، فنانشل سروسزاور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے روشن امکانات موجود ہیں۔