امریکی اور افغان فوجیوں کی جرأت و بہادری سے تاریخ رقم ہو گی : جنرل نکلسن

May 02, 2018

واشنگٹن (این این آئی)امریکی فوج نے مشرقی افغانستان میں لڑائی کے ایک مشن کے دوران اس کا ایک فوجی ہلاک جبکہ دوسرے کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں اہلکاروں نے کہا کہ اِسی کارروائی کے دوران افغان سلامتی افواج کے سات فوجی ہلاک اور22 زخمی ہوئے۔ انہوں نے ہلاکتیں واقع ہونے کی صورت حال کی مزید تفصیل نہیں بتائی۔ افغانستان میں امریکی افواج کے کمانڈر جنرل جان نکلسن نے کہا کہ امریکی فوجی اہل کاروں کی میدان جنگ میں دکھائی جانے والی جرات اور ان کے ہمراہ لڑنے والے افغان ساتھیوں کی بہادری، تاریخ میں رقم ہوگی اور ہماری دلوں میں تازہ رہے گی۔دریں اثناء اقوام متحدہ کے امدادی فنڈ برائے اطفال (یونیسیف)کی انتظامی سربراہ ہنریتا ایچ فور نے افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں واقع دینی مدرسے پر ہونے والے حملے میں 11 بچوں کی مبینہ ہلاکت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ملک بھر میں جاری تشدد کی کارروائیوں میں بچوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ سکول اور بچے محفوظ رہیں۔

مزیدخبریں