امریکی صدر نے کینیڈا، یورپی ملکوں سے سٹیل درآمد پر اضافی ٹیکس مؤخر کر دیا

واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا، یورپی یونین اور میکسیکو سے سٹیل اور ایلمونیم کی درآمد پر عائد کئے جانے والے نئے ٹیکس کا نفاذ مزید ایک ماہ کے لیے موخر کردیا ۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہائوس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئے ٹیکس کا نفاذ یکم مئی کے بجائے یکم جون 2018ء سے ہوگا۔ بیان میں یہ اعلان بھی کیا ہے کہ ٹرمپ حکومت کا ارجنٹائن، آسٹریلیا اور برازیل کی حکومتوں کے ساتھ مجوزہ معاہدوں پر اتفاق ہوگیا ہے جن کے تحت ان ملکوں سے کی جانے والی ایلمونیم اور سٹیل کی درآمد اضافی ٹیکس سے مستقل طور پر مستثنیٰ ہو گی۔ان معاہدوں کی تفصیلات جلد طے کرلی جائیں گی۔ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کینیڈا، میکسیکو اور یورپی یونین کے ساتھ بھی اپنے جاری مذاکرات میں مزید 30 دن کی حتمی توسیع کر رہی ہے۔بیان کے مطابق ان مذاکرات کا ہدف درآمدات محدود کرنے کے لیے کوٹا مقرر کرنا، مال کی پیداواری ملک سے براہِ راست امریکہ آمد اور قومی سلامتی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

ای پیپر دی نیشن